جس کے ہاتھوں میں ہے ذوالفقارِ نبی
جس کے پہلو میں ہے راہوارِ نبی
دخترِ مصطفیٰ جس کی دلہن بنی
جس کے بیٹوں سے نسلِ نبی ہے چلی
ہاں وہی ہاں وہی وہ علی ولی
نعرہء حیدری یا علی یا علی
جس کے بارے میں فرمائیں پیارے نبی
جس کا مولیٰ ہوں میں اس کا مولیٰ علی
جس کی تلوار کی جگ میں شہرت ہوئی
جس کے کنبے میں رسمِ شجاعت چلی
ہاں وہی ہاں وہی وہ علی ولی
نعرہء حیدری یا علی یا علی
جس کی شاہِ ولایت کا درجہ ملا
جیتے جی جس کو جنت کا مژدہ ملا
سیدِ دو جہاں جس کو رتبہ ملا
سلسلے سارے جس پر ہوئے منتہی
ہاں وہی ہاں وہی وہ علی ولی
نعرہء حیدری یا علی یا علی
جو علی کا ہوا وہ نبی کا ہوا
یا علی کہہ دیا سارا غم ٹل گیا
وہ ہیں خیبر شکن اور شیرِ خدا
نام سے ان کے ہر رنج و کلفت ٹلی
ہاں وہی ہاں وہی وہ علی ولی
نعرہء حیدری یا علی یا علی
سیدوں کے وہی جدِّ اعلیٰ بھی ہیں
میرے نانا بھی ہیں میرے دادا بھی ہیں
میرے آقا بھی ہیں میرے مولیٰ بھی ہیں
نظمی وہ ہی صفی و نجی وہ رضی
ہاں وہی ہاں وہی وہ علی ولی
نعرہء حیدری یا علی یا علی
شاعر کا نام :- سید آل رسول حسنین میاں برکاتی نظمی
کتاب کا نام :- بعد از خدا