کرم کے آشیانے کی کیا بات ہے

کرم کے آشیانے کی کیا بات ہے

آپ کے آستانے کی کیا بات ہے


فاطمہ ، علی اور حُسین و حَسن

مُصطفےٰؐ کے گھرانے کی کیا بات ہے


کِتنے نانے بھی ہیں اور نواسے بھی ہیں

ابنِ حیدر کے نانے کی کیا بات ہے


ایک گھر جو ملے شہرِ سرکار میں

پھر تو اَیسے ٹھکانے کی کیا با ت ہے


وقتِ آخر بھی ہو اور وہ ہوں سامنے

اَے قضا تیرے آنے کی کیا بات ہے


چڑھ کے نیزے پہ جیسے پڑھا آپ نے

ایسے قُرآں سُنانے کی کیا بات ہے


پھُول میں مسکراہٹ ہے اپنی جگہ

آپ کے مسکرانے کی کیا بات ہے


ساتھ ہے قبر میں بھی صدیق و عُم

مُصطفٰؐے کے یارانے کی کیا بات ہے


تک کے بولے نکیرین حاکمؔ مجھے

مُصطفےٰؐ کے دیوانے کی کیا بات ہے