عرضِ موسیٰ کو صدائے لن ترانی مل گئی

عرضِ موسیٰ کو صدائے لن ترانی مل گئی

میرے آقا کو فلک پر میہمانی مل گئی


اے نسیمِ صبح تجھ کو گل فشانی مل گئی

گلشنِ طیبہ کی جب سے باغبانی مل گئی


بندۂِ عشقِ نبی ہیں اور کچھ حاجت نہیں

ہم ثناخوانوں کو بزمِ نعت خوانی مل گئی


ہم سےمدحت کےچمن میں ایسےغنچے کھِل اُٹھے

جن سے مداحِ نبی کو رُت سہانی مل گئی


روضۂِ سرکار پر قسمت سے موت آئے اگر

پھر سمجھ لو تم، حیاتِ جاودانی مل گئی


ہم نےجو شے بھی طلب کی روضۂِ سرکار پر

فضلِ رب اور مصطفےٰ کی مہربانی، مل گئی


بےخودی میں جلوۂِ جاناں کےحاصل تھے مزے

معرفت کی جب شرابِ ارغوانی مل گئی


ہو گئے کافور رنج و غم درِ سرکار پر

اضطرابِ دل ہوا گُم شادمانی مل گئی


منجمد سا کردیا تھا موسمِ حالات نے

اُن کی مدحت سے طبیعت کو روانی مل گئی


مصطفےٰ کی دین ہے یہ اے شفیقِِؔ بے نوا

نعت گوئی میں تجھے جو خوش بیانی مل گئی