بنے گی آخرت بھی،کر رضا جوئی محمدﷺ کی
اسی میں ہے خدا راضی جو ہے مرضی محمدﷺ کی
یہاں بھی ہے ہمارا مشغلہ سرکار کی مدحت
کرینگے حشرکے دن بھی ثنا خوانی محمدﷺ کی
اشارہ پاگیا ڈوبا ہوا سورج پلٹ آیا
قمربھی شق ہوا جس دم اٹھی انگلی محمدﷺ کی
کوئی ہمسر مِرے سرکار کا ہو ہی نہیں سکتا
مقام و مرتبہ ایسا ہے ، شان ایسی محمدﷺ کی
سراپا نور سے وابستگی کا یہ نتیجہ ہے
ہمیشہ نور سے معمور ہے بستی محمدﷺ کی
شریعت ہر نبی کی تھی فقط ان کے زمانے تک
شریعت ہے،رہےگی حشر تک باقی محمدﷺ کی
شفیقؔ اُس وقت دم سادھے کھڑ اتھا وقت بھی کیسا
شبِ اسریٰ جو دیکھی تیز رفتاری محمدﷺ کی