چشم رحمت ہو یا رسول اللہ
پوری حسرت ہو یا رسول اللہ
میں بھی آؤں جناب کے در پر
گر اجازت ہو یا رسول اللہ
آپ تو جانتے ہیں کیا ہوں میں
مجھ پہ شفقت ہو یا رسول اللہ
پڑھتے رہنا درود اور سلام
میری عادت ہو یا رسول اللہ
عمر گذرے اسی لگن میں مری
لب پہ مدحت ہو یا رسول اللہ
زیست گذری ہے عرض کرتے ہوئے
اب زیارت ہو یا رسول اللہ
آتا جاتا رہوں مدینے میں
ایسی صورت ہو یا رسول اللہ
صدقہ سرکار سبز گنبد کا
میری عزت ہو یا رسول اللہ
در کھلیں جس گھڑی عنایت کے
مجھ سا مانگت ہو یا رسول اللہ
بھیک ہوں مانگتا مدینے کی
اچھی قسمت ہو یا رسول اللہ
بات بن جائے گی نیازی کی
گر عنایت ہو یا رسول اللہ