در پر نبی کے چاندنی آتی ہے رات بھر
نعتِ رسولِ پاک سناتی ہے رات بھر
جس کو نبی کی یاد ستاتی ہے رات بھر
آنکھوں میں اس کی نیند کب آتی ہے رات بھر
اس ذاتِ با کمال کا لازم ہے احترام
جسکو نبی کی یاد جگاتی ہے رات بھر
سونے سے پہلے پڑھ لیا کیجے درودِ پاک
ملتا ہے چین نیند بھی آتی ہے رات بھر
جب سے دیارِ پاک سے آیا ہوں لوٹ کر
رہ رہ کے یاد طیبہ کی آتی ہے رات بھر
عشقِ شہِ امم کی تڑپ دل میں پالئے
پھر دیکھیں کیسے وجدکراتی ہے رات بھر
شب میں بھی فیض بٹتا ہے در پر رسول کے
اُمت ادب سے آتی ہے جاتی ہے رات بھر
بنتِ رسول پھر بھی نہیں ہوتی مطمئن
سر بارگاہِ حق میں جھکاتی ہے رات بھر
اے کاش ہم بھی فخر سے کہتے پھریں شفیقؔ
’’ہم کو نبی کی یاد جگاتی ہے رات بھر‘‘
شاعر کا نام :- شفیق ؔ رائے پوری
کتاب کا نام :- متاعِ نعت