حبیبِ رب العُلیٰ محمدؐ

حبیبِ رب العُلیٰ محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر

شفیعِ روزِ جزا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


خوفِ محشر بھی ہے مسلط مگر ہے دل کو یہی تسلی

مرا تو ہیں آسرا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


وہ نامِ نامی جو لب پہ آیا، مسرتوں نے گلے لگایا

زباں سے جب بھی کہا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


دلوں میں ان کی رچی محبت، تبھی دلوں کی ہر ایک دھڑکن

یہ دے رہی ہے صدا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


وہ کون یکتا ہے کل جہاں میں، کہ جس کا ثانی نہیں جہاں میں

تو غیر نے بھی کہا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


ملا ہے جو بھی جسے بھی جب بھی، ملا ہے سب کو انہی کے صدقے

ہیں میرے رب کی عطا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


مریضِ رنج و الم سے کہہ دو، شفا ملے گی انہی کے در سے

کہ ہر مرض کی دوا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


سبھی گنہ گار مطمئن ہیں، کہ سر شفاعت کا تاج پہنے

ہوئے ہیں جلوہ نما محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


وہ نام ایسا ہے کیف آور، کہ روح سرشار ہو گئی ہے

ہر ایک دل کی صدا محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر


جلیل وقتِ قضا جو آئے، تو اپنے ہونٹوں پہ اس گھڑی بھی

ہو ذکر خیرالوری محمدؐ، درود ان پر سلام ان پر