ہمراہ میں اک نور کے دھارے کے چلا ہوں
’’آقاؐ کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں‘‘
ہر بات مری ہادیِؐ کامل سے جڑی ہے
میں زیرِ نگیں ایسے اجالے کے چلا ہوں
ہر گام مرا ، انؐ کے ہے احسان کا مرہون
ہرگز نہ بغیر ان کے سہارے کے چلا ہوں
جس پر کہ نظر آپؐ کی رحمت کی پڑی ہے
بس ساتھ میں اس بخت کے تارے کے چلا ہوں
آقاؐ کے گھرانے کا ہوں محتاج ازل سے
فیضان سے اس نور گھرانے کے چلا ہوں
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- طرحِ نعت