کرم یہ بھی ہے مجھے پہ میرے خدا کا
کہ ہوں امتی خیر سے مصطفی کا
ہوا دل کا گلشن معطر معطر
جب آیا مدینے سے جھونکا ہوا کا
مرے مصطفیٰ سے مرا رابطہ ہے
رہے کیسے کشکول خالی گدا کا
رہیں میری قسمت میں اس در کے ٹکڑے
بھکاری ہوں میں بھی شہ دوسرا کا
میرے واسطے انتہائے کرم ہے
میں ہوں نام لیوا حبیب خدا کا
گدا بن کے سلطان آئے ہیں اکثر
بڑا مرتبہ ہے نبی کے گدا کا
مریض غم عشق خیر الوریٰ ہوں
تکلف کرے نہ کوئی بھی دوا کا
مدینہ ہو منزل مدینہ ہو مسکن
طلب گار ہوں میں سدا اس دعا کا
بھٹکتے ہو کیوں در بدر تم گداؤ
چلو در کھلا ہے نبی کی عطا کا
وہی جا رہے ہیں نیازی مدینے
ہے آیا بلاوا جنہیں مصطفی کا
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی