کیا کہئے حضورِ شاہِؐ اُمم کیا قلب کی حالت ہوتی ہے
چلئے تو قدم تھّراتے ہیں رُکئے تو ندامت ہوتی ہے
روضے کی زیارت کرتے ہی آنکھیں تو وضو کر لیتی ہیں
جالی سے لپٹ کر رونے سے باطن کی طہارت ہوتی ہے
وہ اذنِ حضُوری کا عالم ،جِس وقت بقیدِ حدِّ ادب
ہر اشک زباں بن جاتا ہے ہر سانس میں مدحت ہوتی ہے
اے راہ روانِ کوئے نبیؐ اس در پہ مجھے بھی لے کے چلو
جس در پر پہنچ کر عاصی کو اُمّیدِ شفاعت ہوتی ہے
اک بار مدینہ دیکھ آؤ میری ہی طرح ہو جاؤ گے
مجھ کو تو کھلی آنکھوں بخدا ہر وقت زیارت ہوتی ہے
اُس ذات کا ہر دم ذکر رہے اس نام کا پیہم ورد کرو
جس ذکر سے دل بول اٹھتا ہے جس نام سے راحت ہوتی ہے
جو دشمنِ جاں تھے اُن کے لئے آقاؐ نے دعائیں مانگی ہیں
اے صلِّ علیٰ اِس درجے کی کس قلب میں وسعت ہوتی ہے