محمد ﷺ کہ ذوالجلال کا ہیں مظہرِ جلال
محمد ﷺ کہ ذاتِ نور کا ہیں مشہدِ جمال
محمد ﷺ کہ دستِ حق کی ہیں تخلیق کا کمال
محمد ﷺ وحید و مانعِ تمثیل و خوش خصال
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر ،لعین، ضال
محمد ﷺ ہیں کائنات میں نورا نِیَت کا ناز
محمد ﷺ ہیں کل جہان میں انسا نِیَت نواز
محمد ﷺ عروجِ آدمِ خاکی کا ایک راز
محمد ﷺ کی نسبتوں سے ہے نوعِ بشر فراز
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر، لعین، ضال
محمد ﷺ ہیں ہر ضعیف کے ہمدرد و غم گسار
محمد ﷺ ہیں ہر یتیم کے مفلس کے چارہ کار
محمد ﷺ ستم زدوں کی نواؤں کا ہیں قرار
محمد ﷺ حصارِ حزن میں ہیں عشرتِ بہار
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر، لعین، ضال
محمد ﷺ نے رنگ و نسل کے سب بت دیے گرا
محمد ﷺ نے کالے گورے کی تفریق دی مٹا
محمد ﷺ نے نفرتوں کے الاؤ دیے بجھا
محمد ﷺ کے دم سے مہکی ہے ہر دَور کی فضا
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر، لعین، ضال
محمد ﷺ جنھوں نے بخش دی دشمن کی ہر جفا
محمد ﷺ جنھوں نے قحط میں دشمن لیے بچا
محمد ﷺ جو سنگ سہہ کے بھی دیتے رہے دعا
محمد ﷺ کے جیسا پھر کبھی راحم نہیں ہوا
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر، لعین، ضال
محمد ﷺ کے دشمنو ! کرو کچھ شرم کچھ خیال
محمد ﷺ کے جیسی لاؤ تو تاریخ سے مثال
محمد ﷺ تو ہیں تمہارے بھی محسن وہ با کمال
محمد ﷺ کی تم پہ آۓ گا توہین کا وبال
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر، لعین، ضال
محمد ﷺ کی شان و عظمت و عزّت کے منکرو
محمد ﷺ کے ذکرِ خیر و محبت کے دشمنو
محمد ﷺ کے ہم غلام ہیں اب غور سے سنو
محمد ﷺ کے رب کے قہر کے اب منتظر رہو
محمد ﷺ ہیں اپنی ذات میں بے مثل و بے مثال
عدو آپ کا مکَسَّر و اَبتر ، لعین، ضال
شاعر کا نام :- محمد ظفراقبال نوری
کتاب کا نام :- مصحفِ ثنا