نعت کہنے کے حوصلے سرکارؐ

نعت کہنے کے حوصلے سرکارؐ

جب دیئے آپ نے دیئے سرکارؐ


دستگیری کو آئیے سرکارؐ

گر رہے ہیں سنبھالئیے سرکارؐ


دلِ ویراں پہ بھی نگاہِ کرم

میرے پیارے ہرے بھرے سرکارؐ


آپ کی یاد نے کئے ہیں عطا

کتنےپُر کیف رَت جگے سرکارؐ


اپنی قسمت پہ ناز کرتے ہیں

ہم بھکاری ہیں آپ کے سرکار


آپکی بیکراں عطاؤں کے

لا مکاں تک ہیں سلسلے سرکارؐ


آپ تو ہیں قریب دور ہیں ہم

قُرب میں اُف یہ فاصلے سرکارؐ


زندگانی کنیز ہے ان کی

جان تم پر جو دے چکے سرکارؐ


سانس لیں گے تو اب مدینے میں

آرزؤں کے قافلے سرکارؐ


ان کے قبضے میں دولتِ کونین

یہ غلاموں کے مرتبے سرکارؐ


ہم تو سب آپ کی پناہ میں ہیں

کیا بگاڑیں گے حادثے سرکار


آج تک کہکشاں سے ہیں موسوم

جگمگائے جو راستے سرکارؐ


صرف قو سین تک نہیں محدود

بُہت آگے گئے مرے سرکارؐ


انبیاء مقتدی بنے سارے

اور سب کے امام ہیں سرکارؐ


حوروغلمان سب براتی ہیں

ایسے دولہا بنے مرے سرکارؐ


چاند تارے ہوئے تصّدق جب

تم کو دیکھا قریب سے سرکارؐ


اوجِ سدرہ پہ رک گئے جبریل

اور بڑھتے چلے گئے سرکارؐ


لبِ خالدؔ کی جاگ اٹھی قسمت

آپ ہی کے ہیں تذکرے سرکارؐ

شاعر کا نام :- خالد محمود خالد

کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے

دیگر کلام

نبیؐ دے در تے جے ہووے رسائی

سَرورِ دنیا و دیں سرکارؐ ہیں

پایا جو لطف شاہِ مدینہؐ کی چاہ میں

سایہ کیسا ہے نور کے پیچھے

متفرق اشعار

چکڑ بھریاں نوں کر چھڈیا صاف نبی جی

خاکِ طیبہ کی اگر دل میں ہو وَقعت محفوظ

بھاگتی تھی ڈھونڈنے پانی کو ماں

وہ دن آئیں کبھی ہم بھی بنیں مہماں مدینے میں

سُتے لیکھ جگاویں آقا