شیریں ہے مثلِ حرفِ دُعا نام آپؐ کا
مخلوق میں ہے سب سے بڑا نام آپؐ کا
تخلیقِ کائنات کی جب ابتدا ہوئی
خالق نے سب سے پہلے لکھا نام آپؐ کا
سب سے بڑی، خدا کی عنایت کتابِ نُور
سب سے بڑی، خدا کی عطا نام آپؐ کا
کرتی ہے بار بار وہ گزرے دنوں کو یاد
لیتی ہے بار بار حِرا نام آپؐ کا
ہونٹوں کو حُسنِ صدق و صداقت ملا نہیں
جب تک ادب سے لے نہ لیا نام آپؐ کا