یا رب بسا کے بیٹھا ہوں دنیائے آرزو
دیدارِ شہرِ نور کی بر آئے آرزو
کب دیکھیے پڑے گی نگاہِ شہِ اُمم
گلزار کب بنے گا یہ صحرائے آرزو
کب تک حضور دل میں رہے آرزوئے دید
صورت ہو کوئی ایسی کہ بر آئے آرزو
بلوا کے اپنے در پہ اسے سرخرو کریں
ایسا نہ ہو کہ دل میں ہی رہ جائے آرزو
نشّہ ہو جس میں عشقِ رسولِ انام کا
دل چاہتا ہے بس وہی صہبائے آرزو
دیکھا جو میں نے قافلۂ عازمینِ حج
دل کے چمن میں کِھل اُٹھے گلہائے آرزو
سرکار کا دیار کہاں اور کہاں شفیقؔ
کہدو زیادہ پائوں نہ پھیلائے آرزو
شاعر کا نام :- شفیق ؔ رائے پوری
کتاب کا نام :- متاعِ نعت