یہ سب تمہارا کرم ہے آقا کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے

کوئی سلیقہ ہے آرزو کا نہ بندگی میری بندگی ہے

یہ سب تمہارا کرم ہے آقا کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے


کسی کا احسان کیوں اُٹھائیں کسی کو حالات کیوں بتاءیں

تمھیں سے مانگیں گے تم ہی دو گے تمھارے در سے ہی لو لگی ہے


تجلیوں کے کفیل تم ہو مرادِ قلبِ خلیل تم ہو

خدا کی روشن دلیل تم ہو یہ سب تمہاری ہی روشنی ہے


تمہیں ہو روحِ روانِ ہستی سکوں نظر کا دلوں کی مستی

ہے دو جہاں کی بہار تم سے تمہیں سے پھولوں میں تازگی ہے


شعور و فکر و نظر کے دعوے حدِ تعین سے بڑھ نہ پائے

نہ چھو سکے اِن بلندیوں کو جہاں مقامِ محمدی ہے


نظر نظر رحمتِ سراپا ادا ادا غیرتِ مسیحا

ضمیرِ مردہ بھی جی اُٹھے ہیں جِدھر تمہاری نظر اُٹھی ہے


عمل کی میرے اساس کیا ہے بجز ندامت کے پاس کیا ہے

رہے سلامت تمہاری نسبت مرا تو اک آسرا یہی ہے


عطا کیا مجھ کو دردِ اُلفت کہاں تھی یہ پُر خطا کی قسمت

میں اس کرم کے کہاں تھا قابل حضور کی بندہ پروری ہے


اُنہی کے در سے خدا ملا ہے انہیں سے اس کا پتہ چلا ہے

وہ آئینہ جو خدا نما ہے جمالِ حسن حضور ہی ہے


بشیر کہیے نذیر کہیے انہیں سراجِ منیر کہیے

جو سَر بَسر ہے کلامِ ربی وہ میرے آقا کی زندگی ہے

شاعر کا نام :- نامعلوم

دیگر کلام

جان اے جگ دی گھر آقاؐ دا

نبی ہیں کعبہء مقصود دیں کا قبلہ بھی

کرم کریم کا اچھے سمے میں رکھتا ہے

جاواں صدقے مدینے دے سلطان توں دو جہاں جس دی خاطر بنائے گئے

شوق دیدار میں اب جی پہ مرے آن بنی

آپ خیر الوریٰ آپ شاہِ زمن اے رسولِ خدا سید الانبیا

مرحبا صد مرحبا صلِّ علٰی خوش آمدید

ماہِ تاباں سے بڑھ کر ہے روشن جبیں

ہے یہ سچ کہ حسنِ عالم میں کوئی کمی نہیں ہے

مدحِ سرکار ہے قرآن کی تائید بھی ہے