درختوں پہ ہریالی آئی کہاں سے
نظر آئے صحرا میں پودے جواں سے
یہ سبزہ زمیں پر، یہ دریا میں پانی
ذرا سوچو لوگو! یہ آئے کہاں سے
زمیں گھومتی ہے یہ کس کی لگن میں
ثنا کس کی کرتی ہے اپنی زباں سے
نشانی ہے کس کی، جو پودے ہیں خود رو
لگائے ہیں کانٹوں میں گل بھی جواں سے
کرم سے اُسی کے یہ سانسیں رواں ہیں
کہاں کوئی باہر ہے اُس کی اماں سے
یہ حمدِ خدا سب سے افضل ہے بے شک
پکارے فرشتے سبھی آسماں سے
ہو توصیف رب کی یہ ممکن نہیں ہے
سُنی حمد اعلا نبیﷺ کی زباں سے
جو طاعت میں رب کی ہمیشہ رہا ہے
وہی سرخ رو ہوکے گزرا جہاں سے
ہوئے خواب محفوظ سارے فرشتے
حرم جھوم اٹھا بلالی اذاں سے
مواجہ پہ اُن کے کھڑا رورہا ہوں
کہا میں نے کچھ بھی نہ اپنی زباں سے
یہ دورِ خزاں ہوگا رخصت تو اِک دن
بہاریں پھر آئیں گی اِک دن وہاں سے
کریں غور طاہرؔ ذرا موسموں پر
سبق ہم کو ملتا ہے دورِ خزاں سے