ہیں کلامِ رب سے مہکے تیس پارے سب کے سب
زندگی بھر رہنما ہیں یہ ہمارے سب کے سب
تیری ہی توحید کی تعلیم دینے آئے تھے
انبیا ہیں رہنما اعلا ہمارے سب کے سب
تیری صنّاعی کی روشن ہیں دلیلیں بے گماں
آسماں پر چاند سورج اور ستارے سب کے سب
سب کا پالنہار ہے تو خالق و مالک ہے تو
تیرے در پر ہیں کھڑے دامن پسارے سب کے سب
حمدِ رب کہنے کی خواہش جب کبھی دل میں ہوئی
آنے لگتے ہیں دہن میں لفظ پیارے سب کے سب
راہِ حق میں ہوتے ہیں نقصان بھی پر غم نہ کر
فضلِ رب سے پورے ہوں گے وہ خسارے سب کے سب
اللہ اللہ وہ حرم کی رحمتیں اور برکتیں
نور سے معمور ہیں اُس کے منارے سب کے سب
پیار ہے ہم کو سبھی سے چاہتے ہیں سب کو ہم
انبیا ہیں نورِ جان و دل ہمارے سب کے سب
یا الٰہی! اب وڈیروں کی بھی رسی کھینچ لے
چھیلتے ہیں ظلم یہ غربت کے مارے سب کے سب
ارمغانِ حمد طاہرؔ اور جہانِ حمد بھی
ذکر رب سے ہیں منور یہ شمارے سب کے سب
شاعر کا نام :- طاہر سلطانی
کتاب کا نام :- پیشِ خدا ہوں حمد کا دیواں لیے ہوئے