سب سے اعلا خدا کی عظمت ہے
جس طرف دیکھو اس کی رحمت ہے
رب کو بندوں سے خاص اُلفت ہے
بے مثالی خدا کی چاہت ہے
ذرّہ ذرّہ ہے اُس کی نظروں میں
ماورا خلق سے بصارت ہے
غار میں ذلتوں کے ڈالے وہ
جس کو چاہے، اُسی کی عظمت ہے
ذکرِ مولا! جو دل سے کرتے ہیں
ایسے لوگوں کو خوب راحت ہے
ہم جو یہ محفلیں سجاتے ہیں
مالکِ کُل کی یہ عنایت ہے
حمد لکھتا ہوں، حمد پڑھتا ہوں
اے خوشا! یہ بڑی سعادت ہے
میرے گھر میں ہے روشنی ہر سُو
’’فیضِ حمدِ خدا کی برکت ہے‘‘
کام طاہرؔ سے جو خدا نے لیا
ربِّ اعلا کی یہ عنایت ہے
شاعر کا نام :- طاہر سلطانی
کتاب کا نام :- پیشِ خدا ہوں حمد کا دیواں لیے ہوئے