آپؐ انساں کے سب سے بڑے راہنما
حشر تک گونجنے والی حق کی صدا
آپؐ سےعدل کا بول بالا ہوا
آپؐ کی پیروی میں ہے سب کا بھلا
اے رسولِؐ خدا اے رسولِؐ خدا
آپؐ اولادِ آدم کے سردار ہیں
آپؐ اپنے پرائے کے غمخوار ہیں
علم کا شہر حکمت کا گلزار ہیں
سب سے اونچا ہے سرکارؐ کا مرتبہ
اے رسولِؐ خدا اے رسولِؐ خدا
آپؐ سے ساری دنیاؤں کی شان ہے
رنگ و بو سے بھرا ہر گلستان ہے
آپؐ کا پیار ایمان کی جان ہے
کیوں نہ خلقت کے لب پر ہو صلِّ علیٰ
اے رسولِؐ خدا اے رسولِؐ خدا
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب