انمول خزانوں کا خزینہ ہے مدینہ
جنت کے مکینوں کا سفینہ ہے مدینہ
بکھرے ہیں تہِ خاک یہاں چاند ستارے
کتنے ہی جواہر کا دفینہ ہے مدینہ
گو دونوں مقدس ہیں فرشتوں کی حیا سے
مکہ ہے مگر مکہ ، مدینہ ہے مدینہ
روشن ہیں اسی خاک سے قرنوں کی جبینیں
کونین کا دِل ، عرش کا زینہ ہے مدینہ
دونوں ہی جہانوں میں چمک اِس کی نرالی
دونوں ہی جہانوں کا نگینہ ہے مدینہ
رحمت کے سوا اِس کے ہے دامن میں نہ کچھ بھی
برسات سے بھرپور مہینہ ہے مدینہ
ہوتی ہے جہاں شام و سحر نُور کی بارش
دنیائے تقدس کا وہ سینہ ہے مدینہ
مہکار سمیٹی ہی نہیں جاتی کسی سے
سرکارؐ دوعالم کا پسینہ ہے مدینہ
یہ خاک مقدس ہے گلابوں کی جبیں سے
آہستہ قدم رکھنا مدینہ ہے مدینہ
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو