حقیقت میں وہ لطفِ زندگی پایا نہیں کرتے
جو یاد مصطفٰی ﷺ سے دل کو بہلایا نہیں کرتے
زباں پر شکوۃ رنج و الم لایا نہیں کرتے
نبی ﷺ کے نام لیوا غم سے گھبرایا نہیں کرتے
یہ دربار محمد ﷺ ہے یہاں ملتا ہے بن مانگے
ارے ناداں یہاں دامن کو پھیلایا نہیں کرتے
یہ لمحہ ہے کہ بس قربان ہو جا ان کی چوکھٹ پر
یہ لمحے زندگی میں بار بار آیا نہیں کرتے
یہ ہے دربار آقا ﷺ کا یہاں اپنوں کا کیا کہنا
یہاں سے ہاتھ خالی غیر بھی جایا نہیں کرتے
شاعر کا نام :- حامد لکھنوی