جب سے دل کی صدا یا نبیﷺ ہو گئی
ہر طرف روشنی روشنی ہو گئی
باغِ جنّت میں جاکے جو سجدہ کیا
کتنی ارفع مِری بندگی ہو گئی
اُن کی چشمِ کرم کا اشارہ ہوا
گھر میں بیٹھے مِری حاضری ہو گئی
تیرے روضے کی آکر جو دیکھی جھلک
دُور اک پَل میں سب تشنگی ہوگئی
آپؐ کے در کی نسبت سلامت رہے
کتنی آساں مری زندگی ہو گئی
ان کے در پر ‘ جلیل ! آکے دیکھا یہی
شاخِ نخلِ تمنا ہری ہو گئی
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- مہکار مدینے کی