کچھ ایسے صاحبِ اعزاز ہیں آپؐ

کچھ ایسے صاحبِ اعزاز ہیں آپؐ

زمین و آسمان کا ناز ہیں آپؐ


محبت ہی محبت آپ کا دیں

سراپا حُسن اور اعجاز ہیں آپؐ


ہمیشہ گونجنے والی جہاں میں

فلاح و خیر کی آواز ہیں آپؐ


بھرم آدم کا قائم آپ سے ہے

رگِ فطرت کا سوزو ساز ہیں آپؐ


ہوا اتمامِ نعمت آپ ہی پر

سعادت کی حدِ پرواز ہیں آپؐ


نہیں عقل و خرد کو دخل جس میں

وہ سربستہ جہانِ راز ہیں آپؐ


ہدایت آ پ پر ہے ختم تائبؔ

اگر تخلیق کا آغاز ہیں آپؐ