لذّتِ عشق ہے کیا پوچھیے پروانے سے
یا مرے پاک نبیؐ کے کسی دیوانے سے
لاکھ سجدوں کی قضا حسنِ ادا میں بدلے
انؐ کی دہلیز پہ اک سجدہ بجا لانے سے
در عطائوں کے خدا کتنے ہی وا کرتا ہے
لب پہ سرکارؐ کی اک نعت کے مہکانے سے
باغِ وحدت کے سبھی پھول کھلا کرتے ہیں
ذکرِ سرکارِؐ دو عالم ہی کے پھیلانے سے
مل گیا فنِ بلاغت میں، فصاحت میں کمال
شانِ احمدؐ کا بیاں لب پہ ذرا لانے سے
حبِّ احمدؐ ہے مرے دل میں تو پھر ڈر کیسا
سرِ محشر سوئے میزان مجھے جانے سے
جلوۂ ساقیِ کوثر سے مٹیں سب پیاسیں
اب غرض مجھ کو صراحی سے نہ پیمانے سے
میری مینائے سخن گنبدِ خضرا طاہرؔ
کیا مجھے کام ہو اب دہر کے میخانے سے
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- طرحِ نعت