لے کے مدحت کے ترانے ہم مدینے جائیں گے

لے کے مدحت کے ترانے ہم مدینے جائیں گے

سرورِ دیں کو سنانے ہم مدینے جائیں گے


روکتا کیوں ہے دِوانے ! ہم مدینے جائیں گے

سوئی قسمت کو جگانے ہم مدینے جائیں گے


گنبدِ خضرا کے سائے میں رہیں گے روز و شب

مشک و عنبر میں نہانے ہم مدینے جائیں گے


کرچکے ہیں ظلم جاں پر، اب شفاعت کے لئے

دی اگر مہلت قضا نے ہم مدینے جائیں گے


آیتِ لاَترفَعُوا اَصواتَکم کی چھاؤں میں

مدعا کے لب ہلانے ہم مدینے جائیں گے


کون جائے گا مدینہ کون مکہ پوچھئے

بول اُٹّھیں گے دِوانے ہم مدینے جائیں گے


پھر شہنشاہِ مدینہ کب بلائیں گے شفیقؔ

پھر دوبارہ کب نہ جانے ہم مدینے جائیں گے