لٹاتا ہے سخا کا جو خزانہ سب سے اچھا ہے

لٹاتا ہے سخا کا جو خزانہ سب سے اچھا ہے

مِرے مختارِ کل کا آستانہ سب سے اچھا ہے


وہاں تو روح بھی آسودہ ہوتی ہے مِرے مولیٰ

دیارِ مصطفےٰ کا آب و دانہ سب سے اچھا ہے


اگرایمان کی پوچھو تو بس آقا کی چوکھٹ پر

عقیدت سے جبینِ دل جھکانا سب سے اچھا ہے


اندھیرے میں بھی آجائے نظر وہ گمشدہ سوزن

رسولِ ہاشمی کا مسکرانا سب سے اچھا ہے


نہیں آیا کوئی اس شان سے دنیائے فانی میں

مِرے سرکار کا تشریف لانا سب سے اچھا ہے


قصیدہ مصطفےٰکی شان میںپڑھتاہے قرآں بھی

محمد مصطفےٰﷺ کے گیت گانا سب سے اچھا ہے


درِ آقا پہ لے جو کام پوری ہوشیاری سے

حبیبِ کبریا کا وہ دِوانہ سب سے اچھا ہے


ہوئی ہے آیتِ تطہیر جس کی شان میں نازل

شفیقؔ آقا کا وہ طاہر گھرانا سب سے اچھا ہے


محشر میں شہِ دیں کی عنایت ہے ضروری

سر اپنا چھپانے کے لئے چھت ہے ضروری


لعنت ہے جو لازم تو ملامت ہے ضروری

سرکار کے گستاخوں پہ شدت ہے ضروری


ماتھےکی ان آنکھوں سےیہ ممکن ہی نہیں ہے

جلوؤں کے لئے چشمِ بصیرت ہے ضروری


ایمان کی پوچھو تو ہے واللہ یہی بات

سرکارِ دو عالم سے محبت ہے ضروری


اے اشک ٹپک نعتِ نبی کہنی ہے مجھ کو

مدحت میں خیالوں کی طہارت ہے ضروری


لاریب ہیں سرکار مِرے شافعِ محشر

بخشش کے لئے ان کی شفاعت ہے ضروری


ایمان کا حاصل ہے یہی کہہ دیں شفیقؔ آپ

ہاں عشقِ شہنشاہِ رسالت ہے ضروری

شاعر کا نام :- شفیق ؔ رائے پوری

کتاب کا نام :- متاعِ نعت

دیگر کلام

حیات کے لئے عنواں نئے ملے ہم کو

شربت دید جو سرکار پلاتے جاتے

مزاجِ زندگی ہے سخت برہم سیّدِؐ عالم

رُتبہ عالی شان ملا ہے

سردارِ قوم سرورِ عالم حضورؐ ہیں

منزلِ قرب خدا میں وہ وہاں تک پہنچے

ہے تشنہ آرزو ‘ آقا !

نطق و بیان و ہمّتِ گفتار دم بخود

معراج نظر گنبد و مینار کا عالم

یاربِّ محمد مِری تقدیر جگادے