محمدؐ باعثِ حُسنِ جہاں ایمان ہے میرا
محمدؐ حاصلِ کون و مکاں ایمان ہے میرا
محمدؐ اوّل و آخر محمدؐ ظاہر و باطن
محمدؐ ہیں بہر صورت عیاں ایمان ہے میرا
شرف اِک کملی والے نے جنہیں بخشا ہے قدموں میں
وہ صحرا بن گئے ہیں گلستاں ایمان ہے میرا
محبت ہے جسے غارِ حرا میں رونے والے سے
وہ انساں ہے خدا کا رازداں ایمان ہے میرا
معطّر کر گئے ساغرؔ فضائے گلشنِ ہستی
نبیؐ کے گیسوئے عنبر فشاں ایمان ہے میرا
شاعر کا نام :- ساغر صدیقی
کتاب کا نام :- کلیاتِ ساغر