نبیؐ کی محبت میں راحت بڑی ہے
محبت میں ایمان کی تازگی ہے
مجھے بھی غلاموں کی گنتی میں رکھنا
یہ بدکار بھی آپؐ کا اُمتی ہے
رسولِ مکرمؐ مری روح کب سے
ترےؐ سامنے دست بستہ کھڑی ہے
میں لکھتا ہوں نعتیں تو لگتا ہے ایسا
مرے سر پہ رحمت کی چادر تنی ہے
ثنائے محمدؐ ہے میرا عقیدہ
ثنائے محمدؐ مری نوکری ہے
محمدؐ کی اُلفت ہے ایمان میرا
محمدؐ کی چاہت مری زندگی ہے
چمک کہکشاں اور مہر و قمر کو
مدینے کے ذرات سے مِل رہی ہے
بڑا خوش مقدر ہے اشفاقؔ جس کی
زباں وقفِ صلِ علیٰ ہو گئی ہے
شاعر کا نام :- اشفاق احمد غوری
کتاب کا نام :- صراطِ خلد