نظر آتے ہیں پھول سب کے سب
حرفِ نعتِ رسول سب کے سب
ان کی تقلید کر کے سیکھے ہیں
رہبری کے اُصول سب کے سب
آپ کے فلسفے کے بعد حضور
فلسفے ہیں فضول سب کے سب
اُن کے آنے سے پہلے اہل عرب
تھے ظلوم و جہول سب کے سب
مہر و ماہ و نجوم و کاہکشاں
پائے اقدس کی دھول سب کے سب
مقتدی تھے امام اقصیٰ کے
انبیاء و رسول سب کے سب
شعر جو نعت کے کہے ہیں صبیح ؔ
کاش وہ ہوں قبول سب کے سب
شاعر کا نام :- سید صبیح الدین صبیح رحمانی
کتاب کا نام :- کلیات صبیح رحمانی