ثنائےمحمد ﷺ جو کرتے رہیں گے
وہ دامن مرادوں سے بھرتے رہیں گے
حیات ان پہ قربان ہوتی رہے گی
جو ان کی محبت میں مرتے رہیں گے
وہ لمحات بخشش کا سامان ہوں گے
جو ذکر نبی ﷺ میں گزرتے رہیں گے
انہیں دیکھ کر اس جہاں کے نظارے
نگاہوں سے میری اترتے رہیں گے
ہر اک گام پر ہم کو معراج ہوگی
جو سر ان کے قدموں پہ دھرتے رہیں گے
ریاض ان کے دامن سے وابستہ رہنا
ترے کام بنتے سنورتے رہیں گے
شاعر کا نام :- ریاض الدین سہروردی