شہرِ بطحا سے محبت ہو گئی

شہرِ بطحا سے محبت ہو گئی

اس کی چاہت میری عادت ہوگئی


جب بھی دل مچلا بلاوا آ گیا

مہرباں ہم پر بھی قسمت ہوگئی


آپ کی الفت سے دل آباد ہے

خوش نصیبی، اُن سے قربت ہو گئی


ذکرِ احمد جب کیا راحت ملی

اور میرے گھر میں برکت ہوگئی


رات بھر لکھتی رہی میں آیتیں

اور مرے آقا کی مدحت ہوگئی


آلِ زہرا کی غلامی مل گئی

کتنی اعلیٰ اُن سے نسبت ہوگئی


ناز پر اللہ کا احسان ہے

مجھ کو روضے کی زیارت ہو گئی