سجود فرض ہیں اظہارِ بندگی کے لئے

سجود فرض ہیں اظہارِ بندگی کے لئے

درود شرط ہے ذکر محمدی ﷺ کے لئے


کوئی کسی کے لئے ہے کوئی کسی کے لئے

مگر حضورﷺ کی سرکار ہے سبھی کے لئے


خطابِ رحمت ِ عالم ہے وہ خطابِ جلیل

بجز حضورﷺ جو زیبا نہیں کسی کے لئے


کوئی رسول رؤف و رحیم ہے نہ کریم

خدا کے نام ہیں مختص حضور ﷺ ہی کے لئے


لباس فقر میں بھی سروری ہے ان کی غلام

کہ تاج و تخت ضروری نہیں نبی ﷺ کے لئے


مدینہ جا کے نہ لوٹے کوئی تو کیا کہنا

بڑے شرف کی یہ منزل ہے زندگی کے لئے


جہاں شکستہ دلوں کو سکون ملتا ہے

تڑپ رہا ہوں میں اس دَر کی حاضری کے لئے


جو خاک ِ پاکِ مدینہ عطا ہوئی ہے مجھے

وہ ساتھ جائے گی تربت میں روشنی کے لئے


ہر اک رسولﷺ کا محدود اک علاقہ تھا

حضورﷺ آئے دو عالم کی رہبری کے لئے