تصوّر میں رُخِ روشن کو لا کر ہم بھی دیکھیں گے
جمالِ مصطفٰےؐ سے دل سجا کر ہم بھی دیکھیں گے
رسائی ہوگئی ہے صاحبِؐ معراج کے دَر تک
فرشتوں سے قدم آگے بڑھا کر ہم بھی دیکھیں گے
ہَوا و حِرص کے قصّے کہاں راہِ حقیقت میں
ہَوا و حِرص سے دامن بچا کر ہم بھی دیکھیں گے
لحد میں بھی ہمارا وِرد ، نامِ مصطفٰےؐ ہوگا
نکیرین آئیں ، کیا پوچھیں گے ؟ جا کر ، ہم بھی دیکھیں گے
ابھی تک سوزِ دل سے ہم نے اپنے دل کو سُلگایا
اب اپنا حالِ دل ہونٹوں پہ لا کر ہم بھی دیکھیں گے
بھیانک منظرِ محشر بتایا تُو نے اے واعظ!
سرِ کوثر مِلیں گے ، پی پلا کر ہم بھی دیکھیں گے
یہ وہ بستی ہے جس کا ہر قرینہ موسمِ گُل ہے
مدینے کی فضائیں مُسکرا کر ہم بھی دیکھیں گے
ادب ہی بارگاہِ مصطفائیؐ میں سعادت ہے
نصیرؔ اپنی محبت آزما کر ہم بھی دیکھیں گے