تری نظروں سے نظروں کا ملانا بھی ہے بے اَدبی

تری نظروں سے نظروں کا ملانا بھی ہے بے اَدبی

تری سرکار میں پلکیں اُٹھانا بھی ہے بے اَدبی


فرشتے جن کی مٹی پر قدم رکھتے جھجکتے ہیں

مِرے جیسوں کا اُن گلیوں میں جانا بھی ہے بے اَدبی


وہ ناداں ہیں جو اُونچا بولتے ہیں تیری نگری میں

وہاں تو بے تکلّف مُسکرانا بھی ہے بے اَدبی


وہاں کی دھوپ میں ٹھنڈک ہے جنت کے مکانوں کی

وہاں کی دھوپ سے خود کو بچانا بھی ہے بے اَدبی


کنارے پر کھڑا رہنا علامت کم نگاہی کی

تری موجوں میں لیکن ڈوب جانا بھی ہے بے اَدبی


وہاں جانے کی خواہش کا نہ ہونا بھی ہے گستاخی

وہاں پر جا کے انجؔم لوٹ آنا بھی ہے بے اَدبی