علیؓ کے پسر ہیں جنابِ حسنؑ
نبیؐ کے جگر ہیں جنابِ حسنؑ
شبیہِ پیمبرؐ ہیں جو ہو بہو
حسِیں خوب تر ہیں جنابِ حسنؑ
جھلکتا ہے چہرے سے عکسِ نبیؐ
وہ رشکِ قمر ہیں جنابِ حسن
فراست جھلکتی ہے گفتار سے
ذکا سر بسر ہیں جنابِ حسنؑ
دیا ظلمتِ شب کو جس نے اُجال
وہ روشن سحر ہیں جنابِ حسنؑ
مرے راستے پُر خطر ہیں تو کیا
مرے راہبر ہیں جنابِ حسنؑ
جوانانِ جنّت کے سردار ہیں
بڑے اوج پر ہیں جنابِ حسنؑ
جھکے جن کے آگے شہانِ جہاں
وہی تاجور ہیں جنابِ حسنؑ
جلیل ان کا نوکر ہوں میں اس لئے
مرے چارہ گر ہیں جنابِ حسنؑ
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- رختِ بخشش