دیکھ لوں جا کر مدینہ پاک کو
چین آئے دیدۂ نمناک کو
سو رہا ہوں اس لیے بھی چین سے
خاک نے سینے لگایا خاک کو
پھر لحد میں ہوگیا ان کا کرم
تک لیا ہے صاحبِ لولاکؐ کو
تیری نسبت سے ملا عزّ و شرف
میرے آقاؐ! ذرۂ خاشاک کو
گنبدِ خضراء جو تیرے پاس ہے
رشک ہے تجھ پر زمیں! افلاک کو
خواب میں جلوہ دکھانے آئیں گے
حرزِ جاں کر لو درودِ پاک کو
لا مکاں میں جس جگہ پہنچے حضورؐ
کب رسائی ہے وہاں ادراک کو
ہر نفس قربان ہے ان پر جلیل
ہو خبر یہ دشمنِ چالاک کو
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- رختِ بخشش