دل ہوا گھائل ز فرقت یا رسول اللہ کرم
دیجئے در کی اجازت یا رسول اللہ کرم
آپ کی مدحت میں پنہاں ہے سکونِ قلب و جاں
ہو میسر مجھ کو راحت یا رسول اللہ کرم
دل میں ہو یادِ نبیؐ ہونٹوں پہ ہو ان پر سلام
یوں رہے جاری عبادت یا رسول اللہ کرم
آئے گا ایماں سمٹ کر جب مدینے اس گھڑی
ہو وہیں اپنی اقامت یا رسول اللہ کرم
آپ کی نسبت سہارا ہے مرا کونین میں
بس رہے قائم یہ نسبت یا رسول اللہ کرم
سر زمینِ پاک پر اپنا ٹھکانہ ہو جلیل
دل کی ہے بس یہ ہی چاہت یا رسول اللہ کرم
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- رختِ بخشش