کب ملا ہے کسی سکندر سے
جو ملا ہم کو آپ کے در سے
میری نسبت ہے اللہ والوں سے
ٹل گئی ہر بلا مرے سر سے
خلوتیں کیا ہیں جلوتیں کیا ہیں
پوچھ جا کر کسی قلندر سے
آ رہی ہے صدائے اللہ ھو
کون گذرا ہے من کے مندر سے
اس کو اللہ کا کرم سمجھو
کوئی خالی گیا نہ اس در سے
میرے لج پال کی عطاؤں کی
آ رہی ہے صدا ہر اک گھر سے
ایک قطرہ ہمیں بھی دے ساقی
اپنے فیضان کے سمندر سے
اللہ والوں کے در پہ سر رکھ دے
دل نے آواز دی ہے اندر سے
سب کو خیرات بانٹنے والے
ایک ٹکڑا ہمیں بھی لنگر سے
ہو نگاہِ کرم نیازی پر
خالی جائے نہ آپ کے در سے
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی