کرتی ہے تسلسل سے اندھیروں کا سفر رات

کرتی ہے تسلسل سے اندھیروں کا سفر رات

تب جا کے کہیں تکتی ہے تنویرِ سحر رات


چھا جائے رخِ تازہ سحر پہ بھی اداسی

عشّاق کی آہوں کو چھپائے نہ اگر رات


یہ وقت ہے میلادِ شہِ کون و مکاں کا

چل کفر کے چوراہے سے پل بھر میں اتر رات !


کچھ ایسی محبت کی ضیاء دیجئے مجھ کو

کر پائے نہ تاریک مرے قلب و نظر رات


وہ چاہیں تو ہر دن ہو مرا عید کے جیسا

وہ چاہیں تو معراج کی شب ہو مری ہر رات


بے فیض کریں طولِ شبِ ہجر کا شکوہ

عشّاق تو اِک آہ میں کر جاتے ہیں سر رات


یہ چاند سناتا ہے ترے نعل کے قصّے

یوں کرتا ہے تاروں کی معیّت میں بسر رات


ہمرازِ فدایانِ رخِ ماہِ عرب ہے

رکھتی ہے حسِیں زلفِ معنبر کی خبر رات


دن شارحِ بیدارئِ حضرت ہے تبسم

اور عالمِ خوابیدہِ حضرت کا اثر رات

دیگر کلام

جو مدینے کے تصوُّر میں جِیا کرتے ہیں

پاک محمد کرم کما مینوں سدلَے روضے تے

فروغ مہر و مہ نُوں ویکھ آیاں

یہی ہے آرزو ایسی کوئی تدبیر ہو جائے

مجھ پہ چشمِ شِفا کیجئے

کیا حسنِ سخا جانِ سخا دستِ کرم ہے

مدحت کے پھول پیش کروں بارگاہ میں

تمہارے ذَرِّے کے پر تو ستارہائے فلک

شہا مرتبے کون جانے تیرے

آپؐ کی نعتیں میں لکھ لکھ کر سناؤں آپؐ کو