مظلوم کا بے کس کا پریشاں کا تحفظ
آئے ہیں نبیؐ ہوگا ہر انساں کا تحفظ
پیغامِ مساوات لیے آئے پیمبر
ممکن ہوا اب عصمتِ نسواں کا تحفظ
ہو جائے گا ہر طاقِ حرم پاک بتوں سے
کردیں گے نبیؐ خانۂ یزداں کا تحفظ
دنیا میں ہوئے جلوہ نما مونسِ عالم
ہونے کو ہے اب عالمِ انساں کا تحفظ
آقاؐ کے لیے بن کے سپر جنگِ احد میں
طلحہ نے کیا سیدِ ذیشاں کا تحفظ
ہیں گھات لگائے ہوئے ایماں کے لُٹیرے
کرنا ہے ہمیں دولتِ ایماں کا تحفظ
ایمان کی جاں، حُبِ نبیؐ، حُبِ نبیؐ ہے
ہر حال میں ہو حُبِ رسولاں کا تحفظ
یہ سینۂ حفاظ میں محفوظ ہے جب تک
کمزور نہ ہوگا کبھی قرآں کا تحفظ
سرکار کرم کردیں تو ہو جائے گا پل میں
ہر ظلم سے اس احسؔنِ بے جاں کا تحفظ
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت