میرے آقا میرے لج پال مدینے والے
میرے حالات بدل ڈال دینے والے
اپنی آنکھوں سے لگاؤں میں سنہری جالی
مجھ کو بلوائیے ہر سال مدینے والے
جھولی بھر دیجئے حسنین کا صدقہ میری
مجھ کو کر دیجئے خوشحال مدینے والے
ہے کرم شاہ و گدا پر ترا یکساں آقا
تو ہے لج پالوں کا لج پال مدینے والے
آل اطہار کے میں گیت ہمیشہ گاؤں
خوش رہے مجھ سے تری آل مدینے والے
اپنے دُکھ درد سناؤں میں کسے ترے بغیر
جز ترے کون سنے حال مدینے والے
خشک ہے شاخ تمنائے زیارت کب سے
با ثمر اس کو بھی کر ڈال مدینے والے
عیب محشر میں کہیں کھلنے نہ پائیں میرے
رکھیو دامن میں بہر حال مدینے والے
آستانے پہ ترے سر ہو نیازی کا جھکا
ہو بلند اس کا بھی اقبال مدینے والے
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی