میرے دل میں ہے جستجوئے نبیؐ
زندگی میری آرزوئے نبیؐ
ارضِ جنت کی کیا حقیقت ہے
بڑھ کے فردوس سے ہے کوئے نبیؐ
بندگی بے خودی میں بدلی ہے
دل کا قبلہ ہوا ہے سوئے نبیؐ
روح کی تشنگی مٹے گی تبھی
پینے مل جائے جامِ جوئے نبیؐ
خاکِ طیبہ مرے کفن میں رکھو
قبر میں مجھ کو آئے بوئے نبیؐ
میرے دل میں بھی ہوک اٹھتی ہے
جب بھی جاتے ہیں لوگ سوئے نبیؐ
دل ہو سجدے میں آنکھ سجدے میں
حاضری یوں ہو روبروئے نبیؐ
مرتبہ اس دعا کا کیا کہیے
جس دعا کو ملے گلوئے نبیؐ
قبر کی فکر کیا تجھے نظمی
تیرے دل میں ہے عکس روئے نبی
شاعر کا نام :- سید آل رسول حسنین میاں برکاتی نظمی
کتاب کا نام :- بعد از خدا