سب سے ذیشان بعدِ خدا کون ہے
ذاتِ آقاؐ ہے اس کے سوا کون ہے
رفعتِ شہ کی کیا حد بتائے کوئی
حد خدا کے سوا جانتا کون ہے
قربِ خاصِ خدا سے مشرف ہوئے
آپ جیسا خدا آشنا کون ہے
آپ نے بخشا اس کا جہاں کو شعور
کون جھوٹے خدا ہیں خدا کون ہے
کیا بگاڑے گا گرداب واقف ہے وہ
دین کی ناؤ کا ناخدا کون ہے
ہم غلاموں کے حامی ہیں شاہِ امم
حشر میں اے منافق ترا کون ہے
یا خدا کس سے مانگوں پکاروں کسے
ماسوا تیرے حاجت روا کون ہے
بے عمل ہے یہاں کثرتِ عاشقاں
با عمل عاشقِ مصطفیٰؐ کون ہے
مصطفیٰؐ کی شفاعت کے منکر ہیں جو
حشر میں ان کا شافع بتا کون ہے
نعت کا جس نے احسؔن کیا حق ادا
صرف قرآن ہے دوسرا کون ہے
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت