فرش والے ہی نہیں سرکارؐ کے دریوزہ گر
مہر و مہ بھی ہیں شہِؐ ابرار کے دریوزہ گر
ان کے ٹکڑوں پر پڑے ہیں ہم سے لاکھوں کاسہ لیس
بادشہ بھی ہیں مرے سرکارؐ کے دریوزہ گر
جس نے گھر کا گھر لٹایا سرورِؐ کونین پر
ہم ہیں اس آقاؐ کے یارِ غار کے دریوزہ گر
سیر چشمی ہے درِ سرکارؐ نے بخشی ہمیں
کس لیے پھر ہم رہیں اغیار کے دریوزہ گر
شہرِ طیبہ جو ہے مسکن سرورِؐ کونین کا
ہم ہیں اس کے کوچہ و بازار کے دریوزہ گر
غنچہ و گل نکہت افزائے جناں یوں ہی نہیں
ہیں سب ان کے گیسوئے خم دار کے دریوزہ گر
جن سے ہو وجداں پہ تنزیلِ مضامینِ ثنا
میرے مولا میں ہوں ان افکار کا دریوزہ گر
وجہِ تسکینِ مشامِ جان جو طاہرؔ بنے
لفظ مدحت کے ہیں اس مہکار کے دریوزہ گر
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- ریاضِ نعت