مجھ سے زیادہ کمتر و کوتاہ کون ہے

مجھ سے زیادہ کمتر و کوتاہ کون ہے

تیرے سوا مرا مرے اللہ کون ہے


اپنے ہر ایک اسمِ گرامی کا واسطہ

ہر اسم کی صفاتِ دوامی کا واسطہ


دل کو نظر کو ذہن کو حالات پر نہ چھوڑ

اک لمحہ کو بھی مجھ کو مری ذات پر نہ چھوڑ


جنت کا اہل بھی نہیں دوزخ سے بھی ڈروں

تیرے کرم کی دوں نہ دہائی تو کیا کروں


ہر چند تو مجھے مری کوتاہیوں پہ ٹوک

خود تک پہنچنے سے مری آواز کو نہ روک


مایوس ہوں نہ تجھ سے یہ اعلان ہے ترا

حجت مرے عمل نہیں احسان ہے ترا


تیری مدد سے مجھ کو ترا راستہ ملے

حاصل ہو تیرا قرب تو اپنا پتہ ملے


تیرا عطا کیا ہوا صبر و رضا نہ ہو

تو مجھ سے تیرا شکر بھی مولا ادا نہ ہو


ہر اک خطائے ظاہر و باطن معاف کر

نوزائیدہ کی طرح مجھے پاک صاف کر


اندر کی آنکھ درد کی آواز کھول دے

مجھ پر مرے ضمیر کے سب راز کھول دے


ملتا ہے ذہن و دل کو سکوں تیری راہ میں

پائی نجات اس نے جو آیا پناہ میں


تاریکیِ حیات سویرے لیے چلے

جب تک ہوائے دم چلے تیرے لیے چلے


محتاج کتنا ہوں میں سخی جانتا ہے تو

خاموشیوں کے سرِّ خفی جانتا ہے تو


مشکل سے تو نے مجھ کو نکالا ہے بارہا

پردہ مری برائی پہ ڈالا ہے بارہا


سرزد نہ ہو گناہ کوئی مجھ سے بھول کر

توبہ قبول کر مری توبہ قبول کر


تجھ کو پکارتا ہوں زبانِ امید سے

محروم حشر میں نہ رہوں تیری دید سے


طوبیٰ کے پیڑ کا مجھے سایہ نصیب ہو

میرا قیام میرے نبیؐ کے قریب ہو


بعدِ فنا بھی تشنگیوں کو غنی کروں

بابِ فلک کی نہر میں غوطہ زنی کروں


شیطان کی مراد ہو پوری نہ اے خدا

دینا عذابِ ذلتِ دوری نہ اے خدا


اپنی عبادتوں میں مسلسل لگائے رکھ

پیاسا ہوں میرے ساتھ یہ بادل لگائے رکھ


یوں اپنی بارگاہ میں اذن قیام دے

ہر ایک سجدے کو مرے عمرِ دوام دے


جاری رہے ان آنکھوں سے اشکوں کا سلسلہ

جس کو ملا ادھر سے بہت جلد تو ملا


مل جائے تو تو کچھ بھی نہیں مجھ کو چاہیے

بس علم و حق و عین یقیں مجھ کو چاہیے

شاعر کا نام :- مظفر وارثی

کتاب کا نام :- لا شریک

دیگر کلام

ہمیشہ اپنے بندوں پہ رہا لطف و کرم تیرا

وہی خالق وہی داتا بَہر صورت بَہر عنواں

لبِ گویا کو وہ معراج عطا ہو یا رب

مری نظر مرے دل میری جاں کا

دل میں کچھ بھی نہ رہے رب کی محبت کے سِوا

اے خدا! اپنے نبی کی مجھے قربت دے دے

مِرے خُدا تری جانب خوشی سے آیا ہُوں

قلبِ ویراں کو نُور دیتا ہے

کس سے مانگیں کہاں جائیں کس سے کہیں

دن تیرا نام رات تیرا نام