اُٹھا ہے بارگاہِ حق میں یہ دستِ دُعا میرا
خدا کے ذکر سے روشن رہے دل کا دیا میرا
جو فرمانِ خدا ہے بس وہی ہے مدعا میرا
رسولِ پاکﷺ کا اسوہ ہے ہر دم رہنما میرا
میرے بگڑے ہوئے سب کام سیدھے ہوتے جاتے ہیں
ہر اِک مشکل میں ربِّ دوجہاں ہے آسرا میرا
ہیں سورج چاند بھی تابع، نکالے رات سے دن کو
بنایا چھے دنوں میں جس نے عالم وہ خدا میرا
جہاں حمد و ثنا کے پھول کھلتے ہیں وہ منزل ہے
دمِ آخر خدایا ہو یہی اک راستہ میرا
خدا نے آپ کی امّت میں شامل کرلیا مجھ کو
رسولِ پاک کی نسبت سے روشن گھر ہوا میرا
جہاں حمد و ثنا کے گونجتے ہیں زمزمے طاہرؔ
خدا کا شکر قائم ہے وہاں سے رابطہ میرا
شاعر کا نام :- طاہر سلطانی
کتاب کا نام :- پیشِ خدا ہوں حمد کا دیواں لیے ہوئے