اپنی وسعت دیکھ کر ، اپنی رعایت دیکھ کر
ہنس پڑی رحمت مرے دامن کی حالت دیکھ کر
آپؐ سے صرف آپ کو چاہا، نہ چاہا اور کچھ
مانگتا ہے ہر کوئی اپنی ضرورت دیکھ کر
زندگی ہے وقف ِ توصیفِ پیمبرؐ آج بھی
آج بھی زندہ ہوں میں دل کو سلامت دیکھ کر
اصل میں اُنؐ کی حقیقت کو نہ میں سمجھا نہ تُو
تبصرے کرنے لگے بس اُنؐ کی صورت دیکھ کر
ہر قدم پر چاہیے لَا تَر فَعُوا پیش نظر
بات کر اُنؐ کا مقام اور اُنؐ کی عظمت دیکھ کر
نعت ہے اعظؔم اسے بھی ترک کر سکتا نہیں
اور گھبراتا بھی ہوں اپنی بضاعت دیکھ کر
شاعر کا نام :- محمد اعظم چشتی
کتاب کا نام :- کلیاتِ اعظم چشتی