آقاؐ کی ثنا مدحِ نبیؐ آیۂ توصیف
قرآن میں ہے بس شہِ کونین کی تعریف
اخلاق نبیؐ نے انھیں شیدائی بنایا
جو آپ کے حق میں تھے کبھی باعثِ تکلیف
ہم نعتِ نبیؐ لکھتے ہیں مبنی بحقیقت
توصیف میں کرتے نہیں بے جا کوئی تالیف
اے عقل کے اندھو یہ شریعت ہے نبیؐ کی
ممکن ہی نہیں اس میں کوئی رد کوئی تحریف
میں نعتِ نبیؐ لکھتا ہوں بس بہرِ عقیدت
چاہت نہیں شہرت کی نہیں خواہشِ تعریف
محتاط بہت ہو کے ثنا لکھیے نبیؐ کی
اشعار میں آئے نہ کوئی پہلوئے تخفیف
پھر دیں پہ ہے یلغارِ عدو خیر ہو یا رب
قرآن میں ہونے لگی پھر کوششِ تحریف
جینا ہوا دشوار بہت ہند میں آقاؐ
کر دیجے کرم، دور غلاموں کی ہو تکلیف
دیوان بڑی چیز ہے اِک شعر بھی احسؔن
بے فضلِ خدا، حُب نبیؐ ہوگا نہ تصنیف
شاعر کا نام :- احسن اعظمی
کتاب کا نام :- بہارِ عقیدت