ہے جہاں سارا شاہِ امم آپ کا
وہ عرب آپ کا یہ عجم آپ کا
دست بستہ شہانِ جہاں سرنگوں
دیکھ کر شاہ !جاہ و حشم آپ کا
دشمنِ جاں کو بخشی اماں آپ نے
کیا مثالی ہے عفو و کرم آپ کا
خاتم الانبیاء اب قیامت تلک
سب سے اونچا رہے گا عَلَم آپ کا
ہوں اگرچہ میں عاصی مرے چارہ گر
مجھ کو پھر بھی نبھایا کرم آپ کا
اس مقدس زمیں کی ہے مٹی شفا
جس زمیں پر ہے آقاؐ قدم آپ کا
چاند سورج میں ہے آپ کی روشنی
ہیں سراپا بڑا ذی حشم آپ کا
ہے سہارا جلیلِ حزیں کو شہا
ہر قدم پر میسر بہم آپ کا
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- رختِ بخشش