جو عہد کیا تھا آقاؐ سے وہ عہد نبھانے والا ہوں
اِک شہر جو سارا خوشبو ہے اُس شہر میں جانے والا ہوں
کیا دامن تھا جو چھوٹ گیا ، کیا چہرہ تھا جو روٹھ گیا
اُن روٹھے ہوئے کے قدموں پر سر رکھ کے منانے والا ہوں
ہر داغ پُرانا دھونا ہے ، اُس نُور میں شامل ہونا ہے
اِس مَیلے بدن کو لے جا کر کِرنوں میں نہانے والا ہوں
گنبد کے مکینوں کی خاطر فردوس نشینوں کی خاطر
جو مَیں نے قصیدے لکھے ہیں، وہ جاکے سنانے والا ہوں
میں زندہ رہوں یا مر جاؤں، روضے کی زیارت کر جاؤں
جو بوجھ اُٹھانا مشکل ہے وہ بوجھ اُٹھانے والا ہوں
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو